مختصر سوانح مصنفین صحاح ستہ

سوال

 
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ 
علمائے کرام و مفتیان عظام کی بارگاہ میں عرض ہے کہ صحاح ستہ کے مصنفین کی سوانح کیا ہے؟ 
تفصیل کے ساتھ بیان فرمائیں بہت مہربانی ہوگی
 سائل : محمد انور خان رضوی علیمی پتہ شراوستی یوپی

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ 
صحاح ستہ کے مصنفین کا مختصر تعارف ملاحظہ فرمائیں
 حضرت امام بخاری علیہ الرحمہ آپ کی کنیت ابو عبد اللہ آپ کا نام و نسب محمد بن اسماعیل بن ابراہیم بن مغیرہ بن بردزبہ بخاری جعفی ہے – آپ کی ولادت 13 / شوال 194 ھ کو جمعہ کے دن بعد نماز جمعہ پیدا ہوئے ۔ اور باسٹھ برس کی عمر میں شب شنبہ عید الفطر کی رات میں عشاء کی نماز کے وقت 256 ھ میں وفات پائی ۔ اور مدفون ” خرتنگ ” گاؤں جو سمر قند سے دس میل کے فاصلہ پر ہے ۔ اور آپ کے نوے ہزار 90،000 شاگرد ہیں اور آپ کو تقریباً چھ لاکھ زبانی حدیث یاد تھی ۔ اور آپ نے بہت سی کتابیں تصنیف فرمائی جو کہ صحیح البخاری بہت شاندار اور بلند پایہ حدیث کی کتاب ہے ۔
امام بخاری نہایت زاہد و پرہیز گار صاحب تقوی و عبادت گزار تھے ” اھ ( مقدمہ صحیح البخاری ص 3 / 4 : الفصل الاوّل ، ملتقطاً / بستان المحد ثین مترجم ص 266 / 273 ملتقطاً )
حضرت امام مسلم علیہ الرحمہ آپ کی کنیت ابو الحسنین اور لقب عساکر الدین ہے اور نام و نسب مسلم بن حجاج بن مسلم ۔ مقام نیشا پور جو خراسان کا بہت خوبصورت اور مشہور شہر ہے ۔ آپ کی ولادت 202 ھ بعض نے 204 یا 206 ھ تحریر کیا ہے مگر آپ کی وفات پر تمام مورخین کا اتفاق ہے کہ 24 / رجب 261 ھ میں آپ کا وصال ہوا ۔ اور آپ کو تین لاکھ حدیثیں زبانی یاد تھیں ۔ اور آپ کی بہت سی تصانیف میں سے آپ کی کتاب ” صحیح مسلم شریف ” جو صحاح ستہ میں شامل ہے بہت مشہور ہے ” اھ ( بستان المحدثین مترجم ص 278 / 282 / اکمال فی اسماء الرجال ، البا ب الثانی فی ذکر ائمۃ۔۔۔الخ ص 627)
 حضرت امام ترمذی علیہ الرحمہ آپ کی کنیت ابو عیسٰی اور نام و نسب محمد بن عیسٰی بن سورہ بن موسی بن ضحاک سلمی بوغی ہے ۔ ” بوغ ” ایک گاؤں کا نام ہے جو شہر ” ترمذ ” سے چھ کوس کے فاصلہ پر ہے ۔ اس گاؤں کی طرف نسبت ہونے سے آپ ” بوغی ” بھی کہلاتے ہیں ۔ آپ اسی گاؤں میں 209 ھ میں پیدا ہوئے اور 13 / رجب شب دوشنبہ 279 ھ میں وفات پائی اور خاص ” ترمذ ” شہر میں مدفون ہوئے ۔ آپ نے بہت سی کتابیں تصنیف فرمائی لیکن جامع ترمذی شریف بے حد مقبول و مشہور کتاب ہے ۔ اور آپ امام بخاری کے سب سے مشہور شاگرد و جانشین شمار کئے جاتے ہیں ۔ اور آپ کو یہ شرف بھی حاصل ہے کہ خود امام بخاری نے بھی بعض حدیثوں میں ان کی شاگردی اختیار فرمائی ہے ” اھ ( بستان المحدثین مترجم ص 289 /290 / اکمال فی اسماء الرجال ، الباب الثانی فی ذکر ائمۃ۔۔۔الخ ص 627 ) 
 حضرت امام داؤد علیہ الرحمہ آپ کا نام و نسب سلیمان ابن اشعث بن شداد بن عمرو ہے ۔ اور آپ کی ولادت 202 ھ مقام بصرہ میں ہوئی اور وفات 14 / شوال 275 ھ کو بصرہ ہی میں ہوئی ۔ اور آپ کی بہت سی تصنیفات ہیں لیکن سنن ابو داؤد بہت مشہور ہے پانچ لاکھ حدیثوں میں سے چُن کر چار ہزار آٹھ سو 4800 احادیث آپ نے اپنی اس کتاب میں جمع فرمائی ہیں ” اھ ( بستان المحدثین مترجم ص 283 / 289 / تہذیب التہذیب حرف السین من اسمہ سلیمان ج 3 ص 457) 
حضرت امام نسائی علیہ الرحمہ آپ کا نام و نسب امام قاضی ابو عبد الرحمن احمد بن شعیب بن علی بن نسائی ہے ۔ اور آپ کی ولادت 412 ھ میں خراسان کے شہر ” نسا ” میں ہوئی ۔ اور وفات 13 / صفر 313 ھ ہوئی ۔ اور صفا و مروہ کے درمیان مدفون ہوئے اور بعض کا قول 13 / صفر 313 ھ فلسطین میں ہوئی پھر وہاں سے آپ کی لاش مبارکہ مکہ مکرمہ پہنچائی گئی ” اھ ( بستان المحدثین مترجم ص 295 / 298 / اکمال فی اسماء الرجال ، الباب الثانی فی ذکر ائمۃ۔۔۔الخ ص 627 ) 
حضرت امام ابن ماجہ علیہ الرحمہ آپ کا نام ابو عبد اللہ اور کنیت محمد بن یزید نام ، اور رعبی قزوینی نسبت ہے مگر عام طور پر ” ابن ماجہ ” کے نام سے مشہور ہیں ۔ اور آپ ” قَزْوِین ” کے رہنے والے ہیں جو ایران کے صوبہ آذرباءیجان کا ایک مشہور شہر ہے ۔ آپ کی ولادت 209 ھ ہوئی اور وفات 21 / رمضان المبارک 273 ھ ہوئی ۔ اور آپ کی بہت سی تصنیفات میں سے سنن ابن ماجہ بہت مشہور ہے ” اھ ( بستان المحدثین مترجم ص 298 / 300 )

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

کریم اللہ رضوی

خادم التدریس دار العلوم مخدومیہ اوشیورہ برج جوگیشوری ممبئی

 

Mukhtasar Sawaneh Musannifeen Sehah e Sitta

مختصر سوانح مصنفین صحاح ستہ

About حسنین مصباحی

Check Also

مصنوعی بال اور دانت لگوانا کیسا ہے؟

سوال   السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *