سوال
السلام وعلیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائےکرام ومفتیا ن ذوالاحترام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید کی بیوی ہندہ کے بکر کے ساتھ ناجائز تعلقات تھے پکڑے جانے پر ہندہ نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا اور آئندہ ایسی حرکت نہ کرنے کا وعدہ کیا اور معافی بھی مانگی اب زید ہندہ کے ساتھ رہنا چاہتا ہے
تو عرض یہ ہے کہ زید کو ہندہ کے ساتھ رہنے میں شرعی کوئی قباحت تو نہیں؟
قرآن وحدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں کرم ہوگا۔
المستفتی خان شبراقبال رضوی خضر پور کولکاتا
جواب
الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب
وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
صورت مستفسرہ میں زید کی بیوی بکر کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کی وجہ سے سخت گنہگار مستحق نار اور موجب غضب قہار ہوئی ، اس پر توبہ و استغفار لازم و ضروری ہے اب جبکہ اس نے اپنی غلطی کا اعتراف کر لیا اور آئندہ اس فعل بد کے نہ کرنے عہد و پیمان کر لیا اور معافی بھی مانگی ، تو اللہ کی ذاتی سے بھی یہی امید ہے کہ اللہ پاک بھی اس کو معاف فرمادے گا
قرآن مجید میں ہے
ان الله یحب التوابین ویحب المتطھرین
بیشک اللہ پاک توبہ کرنے والوں اور خوب خوب پاکیزگی حاصل کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے
(سورۂ بقرہ پارہ ٢)
حدیث شریف میں ہے
التائب من الذنب کمن لا ذنب له
گناہ سے توبہ کرنے والا ایسا ہی ہے جیسے کہ اس نے گناہ کیا ہی نہ ہو
تو جب اللہ پاک خود توبہ کرنے والوں کو پسند فرماتا ہے تو پھر دوسرے کو کیا کیا مجال کہ وہ اسکو نا پسند کرے
اب جب زید اس کے ساتھ رہنا چاہتا ہے تو بلا شک و شبہ اسکے ساتھ رہ سکتا ہے اس میں کوئی حرج نہیں
سائل کے ذہن میں یہ سوال اس لئے آیا کہ شاید دوسرے مرد کے ساتھ ناجائز تعلقات قائم کرنے کی وجہ سے نکاح فاسد ہوجاتا ہے
تو ایسا ہرگز نہیں ناجائز تعلقات قائم کرنے کی وجہ سے نکاح پر کوئی اثر نہیں پڑتا
تو ایسا ہرگز نہیں ناجائز تعلقات قائم کرنے کی وجہ سے نکاح پر کوئی اثر نہیں پڑتا
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
مولانا محمد ایاز حسین تسلیمی
ساکن محلہ ٹانڈہ متصل مسجد مدار اعظم بہیڑی ضلع بریلی یوپی انڈیا
١٥/رمضان المبارک ١٤٤٢ھ