سوال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید اپنی ساس سے نکاح کرکے رہ رہا ہے اور بکر جو کہ زید کا دوست ہے اس کا کہنا ہے کہ یہ نکاح درست ہے بکر یہ بھی کہتا ہے کہ کسی عالم سے دریافت بھی کیا ہوں وہ عالم جائز بتائے ہیں
تو عرض یہ کہ کیا اپنی ساس یعنی بیوی کی ماں سے نکاح جائز ہے یا نہیں اور اگر جائز نہیں تو زید اور بکر پر کیا حکم لگے گا اور اس عالم پر جس نے جائز بتایا کیا حکم لگے گا
قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
سائل محمد شمشیر رضا قادری رضوی بنارس
جواب
الجواب بعون الملک الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب
وعليكم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ
ساس یعنی بیوی کی ماں جس سے بیوی کا جنم ہوا اس سے نکاح بنص صریح حرام اشد حرام زنائے خالص ہے
ارشادِ باری تعالیٰ ہے
حرمت علیکم امهتکم وبنتکم واخواتکم وعمتکم وخالاتکم وبنت الاخ وبنت الاخت وامھاتکم التی ارضعنکم واخواتکم من الرضاعة وامهات نساءکم، الخ
اور حرام کی گئیں تم پرتمہاری مائیں اور بیٹیاں اور بہنیں اور پھوپھیاں اور خالائیں اور بھتیجیاں اور بھانجیاں اور تمہاری مائیں جنہوں نے دودھ پلایا اور دودھ کی بہنیں اور عورتوں کی مائیں، الخ
(سورہ نساء آیت ٢٣)
درمختار کتاب النکاح فصل فی المحرمات میں ہے: ونکاح البنات یحرم الامھات
بیٹیوں سے نکاح کرنا انکی ماؤں کو حرام کردیتا ہے
بیٹیوں سے نکاح کرنا انکی ماؤں کو حرام کردیتا ہے
الحاصل مذکورہ نکاح حرام قطعی ہے اسے جائز و حلال کہنا کفر ہے۔ لہذا بکر اور جسنے اسے حلال جانا وہ سب فوراً توبہ و تجدید ایمان اور بیوی والے ہوں تو تجدید نکاح اور پیر رکھتے ہوں تو تجدید بیعت بھی کریں، زید اور اسکی ساس فوراً سچی توبہ کرکے ایک دوسرے سے الگ ہوجائیں ورنہ سخت گنہگار فاسق و فاجر مستحق نار و مستوجب قہر قہار و غضب جبار ہونگے
نوٹ:جن عالم صاحب نے ساس سے نکاح کے جواز کاحکم دیا انکی تحریر مع سوال ارسال فرمائیں
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
خاک پائے علماء ابو فرحان مشتاق احمد رضوی
جامعہ رضویہ فیض القرآن سلیم پور نزد کلیرشریف اتراکہنڈ
١/محرم الحرام ١٤٤٣ھ