سوال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ اللہ وبرکا تہ
کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیان شرع متین اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کوئی بھاری کپڑا مثلا کمبل وبستر وغیرہ ناپاک ہو جائے تو اس کو پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے؟
مع حوالہ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی
المستفتی ناچیز حسنین رضا بریلی شریف
جواب
الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب
وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
اگر کبمل وغیرہ نچوڑا جا سکتا ہے تو نچوڑ کر پاک کیا جائے۔ورنہ بہتے پانی میں رکھ دیں جب نجاست کے ختم ہونے کا ظن غالب ہو جائے تو پاک ہو جائے گا
یا اس کو دھو کر اتنی دیر سوکھنے کے لئے رکھ دیں جتنی دیر میں اس کا پانی خشک ہو جائے۔پھر دو بار ایسا اور کریں. اس کو دوبارہ اسی وقت دھوئیں جب اس کا پانی ٹپکنا بند ہو جائے۔
جیسا کہ فتاوی رضویہ شریف میں ہے کہ :جو کپڑے نچوڑنے میں آسکیں جیسے ہلکی توشک رضائی وغیرہ وہ یوں ہی دھونے سے پاک ہوجائیں گے ورنہ بہتے دریا میں رکھیں یا اُن پر پانی بہائیں یہاں تک کہ نجاست باقی نہ رہنے پر ظن حاصل ہو یا تین بار دھوئیں اور ہر بار اتنا وقفہ کریں کہ پہلا پانی نکل جائے۔
فی الدر المختار یطھر محل غیر مرئیة بغلبة ظن غاسل طھارۃ محلھا بلا عدد به یفتی و قدر ذلك لموسوس بغسل وعصر ثلثا فیما ینعصر وتثلیث جفاف أى انقطاع تقاطر فی غیرہ مما یتشرب النجاسة وھذا کله اذا غسل فی اجانة اما لو غسل فی غدیر او صب علیه ماء کثیرا وجری علیه الماء طھر مطلقا بلا شرط عصر وتجفیف وتکرار غمس ھو المختار اھ
فتاوی رضویہ شریف ج ۴ ص ٥٥٦ رضا فائونڈیشن لاہور
اور بہار شریعت میں ہے:جو چیز نچوڑنے کے قابل نہیں ہے (جیسے چٹائی، برتن، جُوتا وغیرہ) اس کو دھو کر چھوڑ دیں کہ پانی ٹپکنا موقوف ہو جائے، یوہیں دو مرتبہ اَور دھوئیں تیسری مرتبہ جب پانی ٹپکنا بند ہو گیا وہ چیز پاک ہو گئی اسے ہر مرتبہ کے بعد سُکھانا ضروری نہیں ۔یوہیں جو کپڑا اپنی نازکی کے سبب نچوڑنے کے قابل نہیں اسے بھی یوہیں پاک کیا جائے۔
بہار شریعت ج ۱ ح۲ ص ۳۹۹ مطبوعہ مکتبہ المدینہ کراچی
بہار شریعت ہی میں چند سطر بعد ہے : دَری یا ٹاٹ یا کوئی ناپاک کپڑا بہتے پانی میں رات بھر پڑا رہنے دیں پاک ہو جائے گا اور اصل یہ ہے کہ جتنی دیر میں یہ ظن غالب ہو جائے کہ پانی نَجاست کو بہالے گیا پاک ہو گیا، کہ بہتے پانی سے پاک کرنے میں نچوڑنا شرط نہیں
( المرجع السباق)
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
فقیر محمد اشفاق عطاری
خادم دارالافتاء سنی شرعی بورڈ آف نیپال
٣/رجب المرجب ١٤٤٢ھ