کسی مسلمان کو گالی دینا کیسا ہے؟

سوال

السلام علیکم و رحمة اللہ وبرکاتہ 
 کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک حافظ قرآن اور اس کی بیوی دونوں نے بلا وجہ بلا قصور ایک شخص کو سخت بیہودہ گالی دیتے ہوئے کہا کہ اپنی ماں اور بہن سے نکاح کر کے انہیں اپنی بیوی بنا لو جبکہ اس شخص نے حافظ قرآن اور اس کی بیوی کے گالی دینے پر کوئی جواب نہ دیا بلکہ خاموش رہا اب شریعت مطہرہ میں حافظ قرآن اور اس کی بیوی کے لئے کیا حکم ہے، قرآن و حدیث سے جواب عنایت فرمائیں 
 المستفتی :طارق ملک جموں کشمیر
 
جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب

 وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
 شرع مطہر میں فحش وبیہودہ گالی سخت نا پسند، فسق و گناہ، ایذا رسانئ مسلم کا سبب اور استحقاق وعید شدید ہے، لہذا بر صدق صورت مسئولہ، مذکورہ حافظ اور اسکی بیوی کو چاہیے کہ اس سے معافی چاہیں، توبہ کریں۔ اور آئندہ ایسی نازیبا حرکت سے لازماً پرہیز کریں، حفاظ وقراء صاحبان عموماً پیشوایان دین سمجھے جاتے ہیں ان کے کردار سے علماء کا کردار متعارف ہے، انہیں مظاہرۂ حسن اخلاق چاہیے نہ کہ گالی گلوچ
 اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان بریلوی قدس سرہُ العزیز فتاویٰ رضویہ جدید ج٢١ ص ١٢٩ میں نقل فرماتے ہیں حدیثِ شریف میں ہے: سباب المسلم فسوق مسلمان کو گالی دینا فسق” گناہ کبیرہ” ہے 

صحیح البخاری کتاب الايمان باب سباب المسلم فسوق، ج ١ ص٥٨ ، قدیمی کتبخانہ کراچی
 احمد و بزار نے عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالی عنہما سے بسند جید روایت کیا سباب المسلم کالمشرف علی الهلکة مسلمان کو گالی دینے والا اس شخص کی مانند ہے جو عنقریب ہلاکت میں پڑا چاہتا ہے
 الترغیب والترہیب بحوالہ البزار الترہیب منا لسبا واللعن مصطفیٰ البابی مصر، ج ٣ص٤٧٦
 طبرانی نے اوسط میں بسند حسن حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: من اذی مسلما فقد اذانی ومن اذانی فقد اذی الله، جسنے کسی مسلمان کو ایذا دی اسنے مجھے ایذا دی اور جسنے مجھے ایذادی اس نے اللہ تعالیٰ کو ایذا دی

 المعجم الاوسط، حدیث ٣٦٣٣.مکتبۃ المعارف ریاض، ج ٤ ص٣٧٣ 

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


خاک پائے علماء ابو فرحان مشتاق احمد رضوی


جامعہ رضویہ فیض القرآن سلیم پور نزد کلیرشریف اتراکھنڈ
 ١٧/ذوالحجۃ الحرام ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Check Also

مصنوعی بال اور دانت لگوانا کیسا ہے؟

سوال   السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *