نماز اور تلاوت قرآن پاک کے بعد پتہ چلا کہ ناپاک تھا تو اب کیا حکم ہے؟

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیانِ عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ زید نے روزہ رکھا ہے اور فجر کی نماز پڑھ کر سو گیا تو احتلام ہوگیا اب اس کی آنکھ کھلی تو اسی حالت میں اس نے قرآن کی تلاوت کی ظہر عصر مغرب عشاء وتراویح تک پڑھ لی اب وہ آرام کے لئے بستر پر گیا تو پتہ چلا کہ وہ ناپاک ہے
 دریافت طلب امر یہ ہے کہ مذکورہ صورت میں کیا حکم شرع ہے
 المستفتی محمد غالب رضا عادل آباد۔ تلنگانہ الہند
  جواب

الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب 


وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ 
صورت مسئولہ میں زید ظہر سے لیکر تراویح تک تمام نمازوں کا اعادہ کرے
 بحرالرائق میں ہے
  ذکر إبن رستم فی نوادرہ عن أبی حنیفة من وجد فی ثوبه منیا أعاد من آخر ما احتلم وإن کان دما لا یعید لأن دم غیرہ قد یصیبه والظاھر أن الإصابة لم تتقدم زمان وجودہ فأما منی غیرہ لا یصیب ثوبه فالظاھر أنه منیه فیعتبر وجودہ من وقت وجود سبب
ترجمہ: ابن رستم نے اپنی نوادر میں امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے حوالے سے روایت کیا ہے کہ جس نے اپنے کپڑے پر منی پائی،تو آخری احتلام سے اب تک کی تمام نمازیں لوٹائی جائیں گی اور اگر خون پایا،تو اعادہ نہیں ہے، اس لیے کہ خون کسی اور کا بھی اس کے کپڑے کو لگ سکتا ہے اور ظاہر یہی ہے کہ اس خون کا لگنا اس کے پائے جانے کے زمانے سے مقدم نہیں ہوگا،باقی منی کسی غیر کی اس کے کپڑے کو نہیں پہنچ سکتی ،اس لیے ظاہر یہی ہے کہ یہ اس کی منی ہے اور اس کا اعتبار اس کے خروج کے وجود سے کیا جائے گا
 البحر الرائق، کتاب الطھارۃ، ج ١ ،ص، ١٣٢، مطبوعہ دار الکتاب الإسلامی 

 جوہرہ نیرہ میں ہے
  ولو وجد فی ثوبه منیا أعاد الصلاۃ من آخر نومة نامها فیه
ترجمہ: اگر کپڑے پر منی پائی، تو ان کپڑوں کے ساتھ جو آخری مرتبہ سویا تھا ،اس وقت سے لے کر اب تک کی تمام نمازیں لوٹائی جائیں گی 
الجوھرۃالنیرۃ،کتاب الطھارۃ،الأغسال المسنونۃ،ج ١ ،ص ١٩،مطبوعہ المطبعۃ الخیریۃ 
 اور رہا قرآن پڑھنے کا حکم تو یہ اس سے بھول کر ہوا اس میں کوئی گناہ نہیں ہے 
 ارشاد باری تعالیٰ ہے
 لا تؤاخذنا ان نسینا أو أخطأنا (القرآن /سورۃ بقرہ)
  واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

فقیر محمد اشفاق عطاری
متعلم :جامعۃ المدینہ فیضان عطار نیپال گنج نیپال
 ٢٤/رمضان المبارک ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Check Also

امام مقتدیوں سے اونچائی پر ہو تو کیا حکم ہے؟

سوال   السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ  کیا فرماتے ہیں علمائےکرام اس مسئلہ کے بارے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *