سوال
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
عرض خدمت ہے کہ دو میت کی نماز جنازہ ایک ساتھ ہوگی یا نہیں؟ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی
سائل محمد تمجید خان
شراوستی
جواب
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
اگرکئی جنازے جمع ہوں توایک ساتھ سب کی نماز ہو سکتی ہے یعنی ایک ہی نماز میں سب کی نیت کرلے اورافضل یہ ہے کہ سب کی الگ الگ پڑھی جائے
درمختارمیں ہے
واذا اجتمعت الجنائز فافرادالصلاۃعلی کل واحدۃاولی من الجمع و ان جمع جاز وراعی الترتیب المعھود خلفہ حالۃ الحیاۃ، فیقرب منہ الافضل فالافضل:الرجل مما یلیہ فالصبی فالخنثی ٰ فالبالغۃ فالمراھقۃ
یعنی جب بہت سارے جنازے جمع ہوجائیں تو ہر ایک پر الگ سے نماز پڑھنا ،ایک ساتھ سب کا جنازہ پڑھنےسے اولیٰ ہے اور اگر سب کا ایک ساتھ پڑھ دیں تو بھی جائز ہے ،تو اس میں اسی ترتیب معہود کی رعایت کی جائے گی جو زندگی میں نماز کی جماعت کی ہوتی ہےتو افضل میت امام کے قریب ہو گی پھروہ جو فضیلت میں اس کے بعد ہو لہذا مرد امام کے قریب ہو گا پھر نابالغ بچہ پھر بالغہ عورت پھر خنثی پھر نابالغہ بچی ہو گی
(درمختار ،ج٣،ص ١٣٨/٣٩ مطبوعہ دار المعرفۃ بیروت)
چند جنازے کی ایک ساتھ پڑھائی تو اختیار ہے کہ سب کو آگے پیچھے رکھیں یعنی سب کا سینہ امام کے مقابل ہو یا برابر برابر رکھیں یعنی ایک کی پائنتی یا سرہانے دوسرے کو اورا س دوسرے کی پائنتی یا سرہانے تیسرے کو وعلیٰ ھذا القیاس۔
اگر آگے پیچھے رکھے تو امام کے قریب اس کا جنازہ ہو جو سب میں افضل ہو پھر اُس کے بعد جو ا فضل ہو وعلیٰ ھذا القیاس۔
اوراگر فضیلت میں برابر ہوں تو جس کی عمر زیادہ ہو اسے امام کے قریب رکھیں یہ اس وقت ہے کہ سب ایک جنس کے ہوں اور اگر مختلف جنس کے ہوں تو امام کے قریب مرد ہو اس کے بعد لڑکا پھر خنثیٰ پھر عورت پھر مراہقہ یعنی نماز میں جس طرح مقتدیوں کی صف میں ترتیب ہے، ا س کا عکس یہاں ہے اور اگر آزاد و غلام کے جنازے ہوں تو آزاد کو امام سے قریب رکھیں گے اگرچہ نابالغ ہو، اُس کے بعد غلام کو اور کسی ضرورت سے ایک ہی قبر میں چند مُردے دفن کریں تو ترتیب عکس کریں یعنی قبلہ کو اُسے رکھیں جو افضل ہے جب کہ سب مرد یا سب عورتیں ہوں ، ورنہ قبلہ کی جانب مرد کو رکھیں پھر لڑکے پھر خنثیٰ پھر عورت پھر مراہقہ کو۔
(بہار شریعت ج ١ ح ٤ ص ٨٤٢ مجلس المدینۃ العلمیہ )
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
محمدالطاف حسین قادری
ڈانگالکھیم پورکھیری یوپی