تعزیہ بنانا، ڈھول بجانا اور چڑھاوا چڑھانا کیسا ہے ؟

سوال

الســـلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ تعزیہ بنانا اور تماشہ دیکھنا اور چڑھاوے والا کھانا کھانا اور بچوں کو تعزیہ سے باندھنا شرعاً کیسا ہے؟ 
 قرآن و حدیث کی روشنی میں جواب عنایت فرمائیں 
 سائل محمد انور خان رضوی علیمی پتہ شراوستی یوپی
 

جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب

 وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
 مذکورہ تمام امور روافض کی ایجاد ہیں اسلامی شریعت میں انکی کوئی اصل و حقیقت نہیں، اہلسنت کے سچے مذہب میں شہدائے کربلا سے محبت وعقیدت انکا ذکر شریف بروایات صحیحہ نہ صرف جائز و مستحسن بلکہ باعث نجات و برکات ہے ماہ محرم میں روزے صدقہ وخیرات کی کثرت انکی نذر کے طور پر کھچڑا شربت ملذذ کھانے غرباء ومساکین وتنگ دستوں کی خدمت وغیرہا سب کار حسن ہیں۔ علاوہ ازیں مروجہ تعزیہ، مہندی، سدے، علم ، عاشورہ کا میلہ، تعزیہ پر فاتحہ،تعزیہ سے بچوں کو باندھنا نیز چڑھاوا اور منت وغیرہ سب ناجائزو ممنوع و بدعت وحماقت و جہالت و کار گناہ ہیں
 اعلی حضرت امام احمد رضا خان بریلوی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں: تعزیہ رائجہ ناجائز و بدعت ہے اور اسکا بنانا گناہ و معصیت اور اس پر شیرینی وغیرہ چڑھانا محض جہالت اور اسکی تعظیم بدعت و جہالت ہے

اسی میں ہے: علم، تعزیے، مہندی، ان “کی” منت، گشت، چڑھاوا، ڈھول، تاشے، مجیرے، مرثیے، ماتم، مصنوعی کربلا کو جانا، عورتوں کا تعزیہ دیکھنے کو نکلنا یہ سب باتیں حرام وگناہ وناجائز و منع ہیں، فاتحہ جائز ہے روٹی شیرینی شربت جس چیز پر بھی ہو مگر تعزیہ پر رکھ کر یا اسکے سامنے ہونا جہالت ہے اور اس پر چڑھانے کے سبب تبرک سمجھنا حماقت ہے ہاں تعزیہ سے جدا جو خالص سچی نیت سے حضرات شہدائے کرام رضی اللہ تعالی عنہم کی نیاز ہو وہ ضرور تبرک ہے، وہابی خبیث کہ اسے خبیث کہتا ہے خود خبیث ہے

مزید فرمایا، عاشورہ کا میلہ لغو ولہو و ممنوع ہے، یونہی تعزیونکا دفن جس طور پر ہوتا ہے نیت باطلہ پر مبنی اور تعظیم بدعت ہے تعزیہ پر فاتحہ جہل و حمق و بے معنی ہے

 فتاویٰ رضویہ جدید ج  ٢٤ص ٤٩٨ ٥٠٠، ٥٠١، مطبع روح المدینہ 
 واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

ابو فرحان مشتاق احمد رضوی

جامعہ رضویہ فیض القرآن سلیم پور نزد کلیرشریف اتراکہنڈ

 ٢١/ذوالحجۃ الحرام١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Check Also

مصنوعی بال اور دانت لگوانا کیسا ہے؟

سوال   السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *