چار چار رکعت کر کے تراویح پڑھنا کیسا ہے ؟

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ 

کیا فرماتے ہیں علماء کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ تراویح کی نماز کی کچھ رکعتیں ایک سلام سے چار چار رکعتیں کرکے پڑھیں اور کچھ رکعتیں ایک سلام سے دو دو کرکے پڑھیں تو کیا اس طرح نماز پڑھنے میں کوئی خرابی ہے ؟
مع حوالہ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی 
 سائل محمد رئیس احمد
 
جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب

 وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
 شریعت مطہرہ کی روشنی میں تراویح کو دو دو رکعتیں کرکے پڑھنا بہتر و مستحسن ہے
اگر کسی نے ایک سلام سے ہی چار رکعتیں ادا کیں تو اگر اس نے ہر دو رکعت پر قعدہ کیا ہے تو اسکی نماز کراہت کے ساتھ درست ہو جائےگی
 علم فقہ کی مشہور و معتمد کتاب میں ہے 
 

وھو عشرون رکعة بعشر تسلیمات کما ھو المتوارث یسلم علی راس کل رکعتین فإذا وصلھا وجلس علی کل شفع فالأصح أنه ان تعمد ذلک کرہ و صحت اجزأہ عن کلھا وإذا لم یجلس إلا فی آخر أربع نابت عن تسلیمة فتکون بمنزلة رکعتین فی الصحیح

ترجمہ :تراویح کی دس سلام سے بیس رکعتیں ہیں جیسا کہ یہی سنت متوارثہ سے ثابت ہے، وہ تراویح کی ہر دو رکعت پر سلام پھیرے جب اس نے ان دو رکعت کو( دوسری دو رکعتوں کے ساتھ ) ملا لیا اور وہ ہر شفعہ (یعنی ہر دو رکعت پر ) بیٹھا تو صحیح مذہب کے مطابق اگر اس نے ایسا قصدا جان بوجھ کر کیا تو مکروہ ہے لیکن اسکی تمام رکعتیں درست ہو جائیں گی اور جب وہ دو رکعت پر نہ بیٹھ کر بلکہ چوتھی رکعت پر ہی بیٹھا تو یہ ایک سلام سے ہونگی اور یہ چار رکعتیں دو رکعت کی منزل میں ہونگی 

 مراقی الفلاح شرح نور الایضاح کتاب الصلوۃ فصل فی صلوۃ التراویح ص ٤١٤ مطبوعہ دار الکتاب دیوبند 
 صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ نے لکھا ہے
 کہ
تراویح کی بیس رکعتیں دس سلام سے پڑھے یعنی ہر دو رکعت پر سلام پھیرے اور اگر کسی نے بیسویں پڑھ کر آخر میں سلام پھیرا تو اگر ہر دو رکعت پر قعدہ کرتا رہا تو ہو جائے گی مگر کراہت کے ساتھ اور اگر قعدہ نہ کیا تھا تو دو رکعت کے قائم مقام ہوئیں 

بہار شریعت ج ١ ح ٤ تراویح کا بیان مسئلہ نمبر ٦ ص ٦٨٩ مطبوعہ المکتبۃ المدینہ دعوت اسلامی 
 لہٰذا بہتر ہے کہ تراویح کی بیسوں رکعت دو دو کرکے ہی ادا کریں ، اگر چار چار یا آٹھ آٹھ ایک سلام پڑھیں تو اگر ہر دو رکعت پر قعدہ کیا ہے تو تمام رکعتیں کراہت کے ساتھ درست ہوجائیں گی 
 
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


مولانا محمد ایاز حسین تسلیمی

ساکن محلہ ٹانڈہ متصل مسجد مدار اعظم بہیڑی ضلع بریلی یوپی انڈیا

 ١٧/رمضان المبارک ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *