مسجد میں نمازیوں کی ویڈیو بنانا کیسا ہے؟

سوال

السلام عليكم ورحمۃ اللہ و برکاتہ 
 کیا فرماتے ہیں علماء دین اس مسئلہ کے بارے میں کہ
ایک گاؤں کی مسجد میں کچھ بچے نماز پڑھنے آتے ہیں اور دوران نماز شور وغیرہ بھی کرتے ہیں تو امام صاحب نماز سے پہلے اپنا موبائل ایک کونے میں رکھ کر ویڈیو بناتے ہیں تو بچے شور وغیرہ نہیں کرتے اور نماز قاعدے سے ادا کر لیتے ہیں.
ویڈیو بنانے کا مقصد صرف بچوں کو نماز میں شیطانی و شور کرنے سے روکنا ہے کیوں کہ بچوں سے کہہ دیا گیا کہ اگر کوئی اس میں شیطانی کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اس کی مار پڑے گی اور گھر پر شکایت بھی ہو سکتی ہے.
تو کیا مسجد میں ویڈیو بنا سکتے ہیں یا نہیں اور امامت کا حکم کیا ہے. 
 جواب ارسال فرمائیں مہربانی ہوگی
 المستفتی محمد عیان رضا پورن پور یوپی
 
جواب

الجواب بعون الملك الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب 
وعليكم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ 
مروجہ تصویر کشی اور ویڈیو گرافی کے جواز و عدم جواز کے متعلق ہمارے اکابر علماء کرام کے بین اختلاف ہے. ایک گروہ علماء جواز کا قائل اور ایک عدم جواز کا
اس صورت میں ویڈیو گرافی کے مسئلہ میں جو حضرات عدم جواز والے علماء کرام کے موقف پر عمل کرتے ہوں ان کے نزدیک ویڈیو گرافی حرام اور گناہ کبیرہ ہوگی اور کرنے والے امام کے پیچھے نماز مکروہ تحریمی واجب الاعادہ ہوگی
اور جو حضرات قائلین جواز کے موقف پر عمل کرتے ہوں ان کے نزدیک ویڈیو گرافی جائز ہوگی اس صورت میں نماز ہو جائے گی
 البتہ بہر صورت نماز جیسی اہم عبادت میں ویڈیو گرافی سے بچنے میں ہی نجات ہے.اور بچوں کو پیار سے سمجھانا چاہئے. اگر زیادہ چھوٹے ہوں اور شور وغل سے باز نہ آئیں تو انہیں مسجد میں آنے اور لانے سے روکنا چاہئے
حدیث شریف میں ہے 
 
جنبوا مساجدكم صبيانكم ومجانينكم وشراركم وبيعكم وخصوماتكم ورفع أصواتكم وإقامة حدودكم وسل سيوفكم واتخذوا على أبوابها المطاهر وجمروها في الجمع 
نبی اکرم ﷺ نے فرمایا تم اپنی مسجدوں کو بچوں، دیوانوں (پاگلوں) ، خریدو فروخت کرنے والوں، اور اپنے جھگڑوں ، زور زور بولنے، حدود قائم کرنے اور تلواریں کھینچنے سے محفوظ رکھو، اور مسجدوں کے دروازوں پر طہارت خانے بناؤ، اور جمعہ کے روز مسجدوں میں خوشبو جلایا کرو

 ابن ماجہ ج ١ کتاب المساجد حدیث نمبر: ٧٥٠ 

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 

محمد ذیشان مصباحی غفر لہ

دلاور پور محمدی لکھیم پور کھیری یوپی انڈیا

 ٢٣/رجب المرجب ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *