السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ و برکاتہ
کیا فرماتے ہیں علماء کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا فرعون نے مرتے وقت توبہ کی تھی اگر کی تھی تو قبول کیوں نہ ہوئی ؟
المستفتی ۔مشاہد رضا قنوج یوپی انڈیا
جواب
الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب
وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
جی ہاں فرعون نے ڈوبتے وقت غرغرہ کی حالت میں توبہ کی تھی اور اس حالت میں کفر سے توبہ کرنا معتبر نہیں.
ایمان کے لئے ایمان بالغیب ضروری ہے اور غرغرہ کی حالت میں غیب غیب نہیں رہتا بلکہ مشاہدہ میں آ جاتا ہے.اسی وجہ سے فرعون کی توبہ قبول نہ ہوئی.
ارشاد باری تعالیٰ ہے
وَ جَاوَزْنَا بِبَنِیْۤ اِسْرَآءِیْلَ الْبَحْرَ فَاَتْبَعَهُمْ فِرْعَوْنُ وَ جُنُوْدُهٗ بَغْیًا وَّ عَدْوًاؕ-حَتّٰۤى اِذَاۤ اَدْرَكَهُ الْغَرَقُۙ-قَالَ اٰمَنْتُ اَنَّهٗ لَاۤ اِلٰهَ اِلَّا الَّذِیْۤ اٰمَنَتْ بِهٖ بَنُوْۤا اِسْرَآءِیْلَ وَ اَنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ
ترجمۂ کنز الایمان:اور ہم بنی اسرائیل کو دریا پار لے گئے تو فرعون اور اس کے لشکروں نے ان کا پیچھا کیا سرکشی اور ظلم سے یہاں تک کہ جب اسے ڈوبنے نے آ لیا بولا میں ایمان لایا کہ کوئی سچا معبود نہیں سوا اس کے جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے اور میں مسلمان ہوں۔
(سورہ یونس الآیۃ۹۰)
مشکوٰۃ شریف میں ہے
وعن إبن عمر قال:قال رسول الله صلى الله عليه وسلم”إن الله یقبل توبة العبد مالم یغرغر” رواہ الترمذی وإبن ماجه
ترجمہ:حضرت ابن عمر (رضی اللہ عنہ) سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ بندے کی توبہ قبول فرماتا ہے جب تک کہ وہ غرغرہ کی حالت میں نہ ہو.
مشکوٰۃ المصابیح باب الإستغفار ص:٢٠٤/مجلس البرکات
مفتی احمد یار خان نعیمی علیہ الرحمہ فرماتے ہیں کہ :نزع کی حالت میں جب موت کے فرشتے نظر آجائیں تو اسے ’’غرغرہ‘‘ کہتے ہیں۔آ س وقت کفر سے توبہ قبول نہیں کیونکہ ایمان کے لیے ایمان بالغیب ضروری ہے اور اب غیب مشاہدہ میں آگیا ( یعنی دیکھ لیا گیا) اسی لئے ڈوبتے وقت فرعون کی توبہ قبول نہ ہوئی، مگر گناہوں سے توبہ اُس وقت بھی قُبول ہے اگر گناہوں کا خیال آ جائے اور الفاظ توبہ بن پڑیں. اسی لئے مرقات نے یہاں فرمایا کہ عبد سے مراد بندہ کافر ہے کہ غرغرہ کے وقت اس کی توبہ قبول نہیں
مرآۃ المناجیح ج:٣ ص:٤١٤/نعیمی کتب خانہ گجرات
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
محمد ذیشان مصباحی غفر لہ
دلاور پور محمدی لکھیم پور کھیری یوپی انڈیا
٢٨/جمادی الأخری ١٤٤٢ھ
ماشاء اللہ