شہید کا خون پاک ہوتا ہے یا ناپاک؟

سوال

السلام عليكم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ میں کہ شھید کا خون پاک ھے یا ناپاک اگر کپڑے پرلگ جائے تو نماز ہوگی یا نہیں۔
 ساٸل محمد زبیر لکھیم پور کھیری
 

جواب

وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ

 الجواب بعون الملک الوھاب
 شہید کا خون جب تک اس کے بدن سے جدا نہ ہو پاک ہے اور اگر جدا ہو جائے تو نجس ہے اور یہ نجاست نجاست خفیفہ ہے۔
 جیساکہ فتاویٰ ہندیہ میں نجاست خفیفہ کے بیان میں ہے کہ۔ 
 

دم الشھید ما دام علیہ طاہر واذا ابین منہ کان نجسا۔

(الفتاوی الھندیہ ج ١ کتاب الطھارۃ باب النجاسۃ واحکامھا ص ٥١ ) 
کہ شہید کا خون جب تک اس کے بدن پر ہو تب تک پاک اور جب اس سے جدا ہو جائے تو نجس ہے۔

 صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں۔

شہید کا خون جب تک اس کے بدن پر ہے کتناہی ہو پاک ہے ہاں یہ خون اس کے بدن سے جدا ہو کر پانی میں مِل گیا تو اب ناپاک ہوگیا۔ 

بہار شریعت ج ١ ح ٢ص ٣٣٩ مطبوعہ المدینۃ العلمیہ

مندرجہ بالا حوالہ جات سے معلوم ہوا کہ شہید کا خون اگر اس کے جسم سے جدا ہو جائے تو نجاست خفیفہ ہے تو اب اگر وہ خون کسی کپڑے کے کسی حصے کی چوتھائی سے کم میں لگے تو معاف ہے. اس صورت میں اس کپڑے کو پہن کر نماز ہو جائے گی. اور اگر کپڑے کے جس حصے میں لگا اس کے چوتھائی کے برابر یا زیادہ ہے تو اس کا دھونا واجب ہے بے دھوئے ایسا کپڑا پہن کر نماز پڑھی تو نہ ہوئی ایسی نماز کا اعادہ واجب ہے۔ 
جیسا کہ نور الایضاح مع مراقی الفلاح میں ہے
 

عفی قدر الدرھم من المغلظۃ وما دون ربع الثوب او البدن من الخفیفۃ۔ 

(نور الایضاح مع مراقی الفلاح کتاب الطھارۃ باب النجاس والطھارۃ عنھا ص ١٠١) 
کہ نجاست غلیظہ درہم سے کم اور نجاست خفیفہ چوتھائی سے کم معاف ہے۔ 

صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ فرماتے ھیں۔
نَجاستِ خفیفہ کا یہ حکم ہے کہ کپڑے کے جس حصہ یا بدن کے جس عُضْوْ میں لگی ہے، اگر اس کی چوتھائی سے کم ہے (مثلاً دامن میں لگی ہے تو دامن کی چوتھائی سے کم، آستین میں اس کی چوتھائی سے کم ۔ یوہیں ہاتھ میں ہاتھ کی چوتھائی سے کم ہے) تو معاف ہے کہ اس سے نماز ہو جائے گی اوراگر پوری چوتھائی میں ہو تو بے دھوئے نماز نہ ہوگی
 (بہار شریعت ج ١ ح ٢ ص ٣٩١ مطبوعہ المدینۃ العلمیہ)
 

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


فقیر محمد ذیشان مصباحی غفر لہ

دلاور پور،محمدی لکھیم پور کھیری

About حسنین مصباحی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *