سوال
السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے مسئلہ کے بارے میں کہ گاؤں دیہاتوں میں یہ رواج پڑا ہوا ہے کہ جب مسلمانوں کے یہاں کوئی شادی کی تقریب ہوتی ہے تو مسلمان گاؤں میں رہنے والے کافروں کو بلاتے ہیں اور انکے کھانے پینے کا انتظام الگ سے کراتے ہیں, اسی طرح جب کافروں کے یہاں کوئی شادی کی تقریب ہوتی ہے تو وہ بھی مسلمانوں کو بلاتے ہیں اور مسلمانوں کے کھانے پینے کا انتظام الگ سے کراتے ہیں
دریافت طلب امر یہ ہے کہ مسلمانوں کا کافروں کو بلانا اور انکو کھلانا کیسا ہے؟
اور مسلمانوں کا کافروں کے یہاں جاکر کھانا اور انکی دعوت کو قبول کرنا کیسا ہے ؟
اور مسلمانوں کا کافروں کے یہاں جاکر کھانا اور انکی دعوت کو قبول کرنا کیسا ہے ؟
مدلل جواب عنایت فرمائیں عین نوازش ہوگی
سائل محمد اختر رضا نیپال
جواب
الجواب بعون الملك الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
وعليكم السلام ورحمۃ اللہ و برکاتہ
بلا ضرورت کفار کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا ان کی دعوت کرنا، ان سے میل جول رکھنا اور ان کے یہاں دعوت کھانا ممنوع و برا ہے کہ حدیث شریف میں اس کی ممانعت آئی اس لئے اس سے بچنا چاہئے.
فقیہ فقید المثال اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن سے اہل ہنود کے ساتھ کھانے کے متعلق سوال ہوا؟
تو آپ نے فرمایا :ہندو کے ساتھ کھانا کھانے کا سوال بے معنی ہے۔ہندو کب اس کے ساتھ کھائے گا۔اور ایسا ہو تو اسےنہ چاہئے۔حدیث میں ہے: لاتواکلوھم ولا تشاربواھم
نہ ان کے ساتھ کھانا کھاؤ نہ ان کے ساتھ پانی پیو۔
نہ ان کے ساتھ کھانا کھاؤ نہ ان کے ساتھ پانی پیو۔
غیر مسلم چار قسم کے ہیں: کتابی،مجوسی،مشرک،مرتد،کتابی اگر کتابی ہو ملحد نہ ہوتو اس کا ذبیحہ اور اس کے یہاں کا گوشت بھی حلال ہے اور باقیوں کے یہاں کا گوشت حرام ۔ اور مرتد ان میں سب سے خبیث تر ہے اس کے پاس نشست، برخاست مطلقًا ناجائز ہے۔اور ساتھ کھانا ہر کافر کے برا ہے۔پھر اگر اس میں بد مذہبی کی تہمت ہو جیسے نصرانی کے ساتھ کھانا مسلمانوں کے لئے زیادہ باعث نفرت ہو تو اس کاحکم اورسخت تر ہوگا ورنہ اس اصل حکم میں کہ نہ ان کے ساتھ کھانا کھاؤ نہ پانی پیو سب برابر ہیں۔
فتاویٰ رضویہ مترجم ج ٢١ ص٦٧٠/مطبوعہ مرکز اہلسنت برکات رضا
ہاں اگر ضرورت و مصلحت ہو تو اجازت ہے. الضرورات تبیح المحظورات
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب
محمد ذیشان مصباحی غفر لہ
دلاور پور محمدی لکھیم پور کھیری یوپی انڈیا
٢٢/رجب المرجب ١٤٤٢ھ