شرابی جانور کی قربانی جائز ہے کہ نہیں؟

سوال

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کوئی شخص ایسا جانور لایا جو شراب پیتا تھا (حالانکہ یہ بات اکثر لوگوں کو معلوم تھی کہ وہ شراب پیتا ہے) تو اُسکی قربانی ہو جائیگی یا نہیں اور گوشت کا کیا حکم ہوگا 
مدلل جواب عنایت فرمائیں 
 سائل محمد انور خان رضوی علیمی پتہ شراوستی یوپی
 
جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب

 وعليكم السلام ورحمۃ اللہ تعالیٰ وبرکاتہ
 وہ جانور جنکی پرورش حرام غذا مثلاً شراب یاخنزیر کے دودھ وغیرہ سے کی گئی ان سبکا حکم جلالہ “گندگی کھانے والے” جانور کے مثل ہے فقہاء فرماتے ہیں کہ ایسے حلال جانوروں کو چند روز روکے رہیں اور حلال وپاک چارہ کھلائیں کہ اس سے اشیائے حرام کا اثر ختم ہو جائے اسکے بعد ذبح و قربانی اور گوشت کھانا سب جائز ہے
 اعلی حضرت رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں فتاویٰ قاضی خاں میں ہے
 
لو ان جدی یا غذی بالبن الخنزیر لا باس باکله، لان لحمه لایتغیر، وما غذی به یصیر مستهلکا، ولا یبقی له اثر 
اگر بھیڑ کے بچے نے خنزیر کے دودھ سے پرورش پائی تو اسکے کھانے میں حرج نہیں کیونکہ اسکا گوشت متغیر نہیں ہوتا اور جو غذا اس نے کھائی وہ ختم ہوگئی اس کا کوئی اثر باقی نہ رہا 
 اور فتاویٰ کبری وفتاویٰ عالمگیری میں ہے 
 
الجدی اذا کان یربی بلبن الاتان والخنزیر، ان اعتلف ایاما فلا باس، لانه بمنزلة الجلالة والجلالة اذا حبست اياما فعلفت لا بأس بها فكذا هذا
بھیڑ کے بچے نے اگر گدھی کے دودھ یا خنزیر کے دودھ سے پرورش پائی اور پھر چند روز چارہ دکھایا تو کوئی حرج نہیں ہے، کیونکہ یہ گندگی کھانے والے جانور کی طرح ہے کہ جب اسکو چند روز قید رکھا تو اسنے چارہ کھایا تو اس میں کوئی حرج نہیں، یہ بھی ایسے ہی ہے

 (فتاویٰ رضویہ جدید ٢٠ ص ٢٥٨ تا ٢٦١ مطبع روح المدینہ)
 عبارات بالا سے معلوم ہوا کہ مذکورہ جانور کی قربانی اور گوشت بلا کراہت جائز ہے بشرطیکہ پہلے اسے قید رکھ کر کچھ دن حلال چارہ کھلالیں، عالمگیری کتاب الاضحیہ میں ایسے جانوروں کو روک کر حلال چارہ کھلانے کی مدت گائے، بھینس کیلئے بیس دن اور بکری کیلئے دس دن ذکر کئے : لاتجوز الجلالة وھی التی تاکل العذرۃ ولا تاکل غیرھا فان کانت الجلالة بلا تمسك اربعین یوما حتی یطیب لحمھا والبقر یمسك عشرین یوما والغنم عشرۃ ایام

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 



خاک پائے علماء ابو فرحان مشتاق احمد رضوی


جامعہ رضویہ فیض القرآن سلیم پور نزد کلیرشریف اتراکھنڈ
 ١٩/ذوالحجۃ الحرام ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Check Also

قربانی کی دعا ذبح سے پہلے پڑھنی چاہئے یا بعد میں؟

سوال السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسلہ کے …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *