زکوٰۃ نہ دینے اور قربانی نہ کرنے والے کے لئے کیا حکم ہے؟

سوال

الســـلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص ہے جو مدرسہ کا صدر ہے اور نماز کا پابند بھی ہے لیکن صاحب نصاب ہونے کے باوجود زکوٰۃ نہیں ادا کرتا ہے جو کہ فرض ہے اور قربانی بھی نہیں کرتا ہے تو ایسے شخص کے بارے میں شریعت کا کیا حکم نافذ ہوگا
 دلیل کے ساتھ جواب عنایت فرمائیں مہربانی ہوگی
 سائل محمد انور خان رضوی علیمی پتہ شراوستی یوپی
 

جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

 وعليكم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
 جس طرح سے مسلمان پر نماز فرض کی گئی اسی طرح سے مسلمان مالک نصاب پر زکوٰۃ فرض کی گئی اور اسے بنیاد اسلام قرار دیا گیا جو مسلمان مالک نصاب ہونے کے باوجود زکوٰۃ ادا نہ کرے وہ سخت گنہگار مستحق غضب قہار ہے یہاں تک کہ بلا عذر ادائیگی میں تاخیر کرنا بھی گناہ ہے

 ارشاد باری تعالیٰ ہے
 

واقیموا الصلوۃ واٰتوا الزکوۃ وارکعوا مع الراکعین

اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ ادا کرو اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو (البقرہ، الآیۃ ٤٣) 
 حدیث شریف میں ہے
 
بني الإسلام علی خمس :شھادة أن لا إله إلا الله وأن محمدا رسول الله وإقام الصلوٰۃ وإیتاء الزکوۃ والحج وصوم رمضان
حضور علیہ السلام نے ارشاد فرمایا : اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے. اس بات کی گواہی دینا کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور محمد (ﷺ) اللہ کے رسول ہیں، نماز قائم کرنا، زکوٰۃ دینا، حج کرنا اور ماہ رمضان کے روزے رکھنا 

 (صحیح بخاری، کتاب الایمان رقم الحدیث ٨) 

 فتاویٰ عالمگیری میں ہے
 

فھی فریضة محکمة یکفر جاحدھا ویقتل مانعھا ھکذا في محیط السرخسي وتجب علی الفور عند تمام الحول حتی یاثم بتاخیرہ من غیر عذر 

فتاویٰ عالمگیری ج ١ ص ١٨٨ :مطبع دار الکتب العلمیہ بیروت
 اسی طرح سے مسلمان، مقیم آزاد، عاقل، بالغ،مالک نصاب پر ایام نحر میں قربانی کرنا واجب ہے جو اسے ترک کرے وہ گنہگار ہے اور ایسے شخص کے لئے احادیث میں بڑی سخت وعیدیں آئی ہیں 

 حدیث شریف میں ہے 
 
عن أبی ھریرۃ أن رسول الله صلی الله علیه وسلم قال : من کان له سعة ولم یضح فلا یقربن مصلانا
حضور علیہ السلام نے ارشاد فرمایا جس کو قربانی کرنے کی وسعت ہو اور وہ نہ کرے تو وہ ہماری عیدگاہ کے قریب نہ آئے

 (سنن ابن ماجہ، کتاب الاضاحی رقم الحدیث ٣١٢٤)
 خلاصہ :جو شخض مالک نصاب ہو وہ شرائط پانے جانے کے باوجود زکوٰۃ کی ادائیگی اور قربانی نہ کرے تو سخت گنہگار لائق قہر قہار ہے 
 
واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


محمد ذیشان مصباحی غفر لہ

دلاور پور محمدی لکھیم پور کھیری یوپی

 ٢٤/ذو الحجۃ الحرام ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Check Also

شرابی جانور کی قربانی جائز ہے کہ نہیں؟

سوال السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام و مفتیان عظام اس …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *