تراویح میں قرآن پاک ختم کرنے کا طریقہ؟

سوال

السلام علیکم و رحمۃ اللّٰہ وبرکاتہ 

 کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ تراویح میں تیسواں پارہ ختم کرنے کا افضل طریقہ کیا ہے 
 رہنمائی فرمائیں عین نوازش ہوگی
 المستفتی عبد المصطفی حشمتی مقام پورینہ واجد ضلع بلرام پور یوپی الہند
 
جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللهم ھدایۃ الحق والصواب


وعلیکم السلام و رحمۃ اللہ و برکاتہ 
 تراویح میں ختم قرآن کرنے والے حافظ کے لیے بہتر و افضل ہے کہ جب قرآن مجید کے تیسویں پارہ کو ختم کرے تو سورہ بقرہ کا ابتدائی حصہ واولئک ھم المفلحون تک پڑھے ،
کیونکہ حدیث پاک میں ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں میں سب سے بہتر اس شخص کو فرمایا کہ جو قرآن کو ختم کرنے والا ہو اور شروع کرنے والا ہو 
جیسا کہ امام ابو الحسن بن عمار الشرنبلالی نے لکھا ہے کہ
 

ولو ختم القرآن فی الاولی یقرأ من البقرۃ فی الثانیة لقوله صلی اللہ علیہ وسلم خیر الناس الحال والمرتحل یعنی الخاتم والمفتتح 

ترجمہ۔ لوگوں میں سب سے بہتر حال اور مرتحل ہے یعنی ختم کرنے والا اور شروع کرنے والا
 مراقی الفلاح شرح نور الایضاح کتاب الصلوۃ فصل فی المکروھات ص ٣٥٢

 ایک غلط فہمی کا ازالہ۔
عمومی طور پر لوگوں کو یہاں پر ایک اشکال و اعتراض ہوتا ہے کہ اس صورت میں تو قرآن مجید کا الٹا ہونا لازم آیا جو کہ نماز میں موجب کراہت ہے اور اس پر حدیث پاک میں وعید بھی آئی ہے لہذا اس طرح کرنا درست نہیں ہونا چاہئے؟

تو اس کا جواب یہ ہے کہ حدیث پاک میں خیر کا مژدہ اور خوشخبری اور مذکورہ حکم صرف اس کے لئے ہے جو قرآن کو شروع سے پڑھے اور مکمل قرآن پاک کو ختم کرے ،
اور کراہت کا حکم اس وقت آئے گا جبکہ قرآن مجید مکمل ختم نہ کیا ہو اور پھر وہ نماز میں پہلی رکعت میں سورہ ناس پڑھے اور دوسری میں سورہ بقرہ کا ابتدائی حصہ پڑھے

جیسا کہ امام ابو الحسن بن عمار الشرنبلالی نے لکھا ہے 
واذا قرأ فی الاولی قل اعوذ برب الناس لا عن قصد یکررھا فی الثانیة ولا کراھة فیه حذرا عن کراھة القرأۃ منکوسا 

ترجمہ
۔ جب کسی نے بغیر کسی قصد و ارادہ کے پہلی رکعت میں سورہ ناس
پڑھ دی تو دوسری میں بھی اس کو دوبارہ پڑھے الٹا قرآن پڑھنے کی کراہت سے بچتے ہوئے 
(مراقی الفلاح شرح نور الایضاح کتاب الصلوۃ فصل فی المکروھات ص ٣٥٢  اس صورت 
اس صورت میں ایک ہی سورت کو دونوں رکعتوں میں پڑھنے  میں کوئی حرج نہیں 
 خلاصہ کلام یہ ہے کہ تراویح میں ختم قرآن سورہ بقرہ کا ابتدائی حصہ واولئک ھم المفلحون تک کرنا چاہئے 
 واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


مولانا محمد ایاز حسین تسلیمی

ساکن محلہ ٹانڈہ متصل مسجد مقدار اعظم بہیڑی ضلع بریلی یوپی انڈیا

 ٢٣/شعبان المعظم ١٤٤٢ھ

About حسنین مصباحی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *