سید زادی سے غیر سید کا نکاح ہو سکتا ہے کہ نہیں؟

سوال

السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ
کیا فرماتے ہیں علمائے کرام ومفتیان عظام اس مسئلہ کے بارے میں کہ غیر سید لڑکے (جیسے کہ شیخ، پٹھان، منصوری وغیرہم) کی شادی سیدزادی سے ہو سکتی ہے یا نہیں

 رہنمائی فرمائیں بہت مہربانی ہوگی
 سائل محمد انور خان رضوی علیمی پتہ شراوستی یوپی
 
جواب


الجواب بعون الملك الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

 وعليكم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ 
اگر شیخ سے مراد وہ شیوخ ہیں جو کہ قرشی ہیں یعنی صدیقی فاروقی عثمانی، عباسی وغیرھم تو یہ سادات کرام کے کفو ہیں کہ تمام قریش ایک دوسرے کے کفو ہیں ان میں اور سادات کرام میں بلا شبہ نکاح منعقد ہوگا

 فتاوی شامی میں ہے
 

فقریش بعضھم أکفاء بعض والخلفاء الأربعة کلھم من قریش

فتاویٰ شامی کتاب النکاح باب الکفاءۃ ج ٤ ص ٢٠٩ مطبوعہ دار عالم الکتب ریاض
 قریش کے سوا دیگر برادریاں جیسے کہ پٹھان انصاری، منصوری وغیرھم سادات کرام کی کفو نہیں اس لئے ان سے سید زادی صاحبہ کا نکاح اسی وقت منعقد ہوگا جبکہ ولی قبل نکاح اجازت دے دے یا ولی ہو ہی نہ اگر ولی ہو تو اس کی اجازت کے بغیر سید زادی صاحبہ کا نکاح غیر کفو میں منعقد نہیں ہوگا

 فتاویٰ عالمگیری میں ہے
 

ثم المرأۃ إذا زوجت نفسھا من غیر کفو صح النکاح في ظاھر الروایة عن أبي حنیفة رحمه الله تعالى وروي الحسن عن ابی حنیفة رحمه الله تعالى ان النکاح لا ینعقد وبه أخذ کثیر من مشائخنا رحمهم الله تعالي کذا في المحیط والمختار في زماننا للفتوي روایة الحسن،، وھذا إذا کان لھا ولي فإن لم یکن صح النکاح إتفاقا کذا في النھر الفائق

کتاب النکاح باب الاکفاء ج ١ ص ٣٢١ /دار الکتب العلمیہ بیروت

 فتاویٰ رضویہ میں ہے :سائل مظہر کہ لڑکی جوان ہے اور اس کا باپ زندہ، دونوں کو معلوم ہے کہ یہ پٹھان ہے اور دونوں اس عقد پر راضی ہیں، باپ خود اس کے سامان میں ہے، جب صورت یہ ہے تو اس نکاح کے جواز میں اصلا شبہہ نہیں کما نص علیہ فی رد المحتار وغیرہ من الاسفار 
 فتاویٰ رضویہ مترجم ج ١١ ص ٧٠٤ مطبوعہ مرکز اہلسنت برکات رضا 
 ہاں اگر سیدہ عاقلہ بالغہ غیر کفو میں معزز عالم دین سے نکاح کرنا چاہے تو بلا اجازت ولی بھی کر سکتی ہے 

 فتاویٰ رضویہ میں ہے :سیدہ عاقلہ بالغہ اگر ولی رکھتی ہے تو جس کفو سے نکاح کرے گی ہو جائے گا اگر چہ سید نہ ہو مثلا شیخ صدیقی یا فاروقی یا عثمانی یا علوی یا عباسی، اور اگر غیر کفو سے بے اجازت صریحہ ولی نکاح کرے گی تو نہ ہوگا جیسے کسی شیخ انصاری یا مغل، پٹھان سے مگر جبکہ وہ معزز عالم دین ہو
 فتاویٰ رضویہ مترجم ج ١١ ص ٧٣٠ /مطبوعہ مرکز اہلسنت برکات رضا 
 

واللہ ورسولہ اعلم بالصواب 


 کتبہ :محمد ذیشان مصباحی غفر لہ

دلاور پور محمدی لکھیم پور کھیری یوپی انڈیا

 ١٨ /ذوالحجۃ الحرام ١٤٤٢ھ


تصدیق شدہ

حضرت علامہ و مولانا، مفتی محمد ابو الحسن قادری رضوی مصباحی مد ظلہ العالی والنورانی 
 صدر شعبۂ افتاء جامعہ امجدیہ رضویہ گھوسی وبانی جامعہ تاج الشریعہ بہرائچ شریف یوپی

About حسنین مصباحی

Check Also

لڑکا، لڑکی خود ایجاب وقبول کر لیں تو نکاح منعقد ہوگا یا نہیں؟

سوال   السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و …

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *